قومی سلامتی مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال NSA Ajit Doval نے جمعہ کو کہا کہ بھارت افغانستان کا ایک اہم شراکت دار ہے اور افغانوں کے ساتھ اس کے خصوصی تعلقات صدیوں تک نئی دہلی کی رہنمائی کریں گے۔ ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو اس کو بدل سکے۔ اجیت ڈوبھال نے یہ ریمارکس تاجکستان کے دارالحکومت میں "علاقائی سیکورٹی ڈائیلاگ" کے چوتھے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے دیے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ افغانستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ "اس اجلاس میں موجود ہر فرد کو دہشت گردی اور دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کے لیے افغانستان کی صلاحیت کو بڑھانے میں مدد کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دہشت گردی علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے"۔ یہاں پہلی ترجیح لوگوں کا عزت کے ساتھ جینے کا حق اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے۔
ڈووال نے کہا کہ "بھارت افغانستان کا ایک اہم پارٹنر تھا اور ہے۔ افغانستان کے لوگوں کے ساتھ صدیوں پر محیط خصوصی تعلقات بھارت کے وژن کی رہنمائی کریں گے۔ اسے کوئی چیز نہیں بدل سکتی۔" انہوں نے کہا کہ"اگست 2021 کے بعد سے جب سے طالبان نے کابل میں اقتدار سنبھالا ہندوستان نے 50,000 ٹن گندم بھیجنے کے کل وعدوں میں سے 17,000 ٹن گندم، کوویکسین کے 500,000 کی خوراکیں، 13 ٹن ضروری جان بچانے والی ادویات اور سردیوں کے ملبوسات کے ساتھ ساتھ چھ کروڑ پولیو کے ڈوز فراہم کئے گئے ہیں جو افغانستان میں پولیو ویکسین کی خوراک کے لیے استعمال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: India in Dushanbe Security Dialogue: بھارتی این ایس اے اجیت ڈووال دوشانبے سکیورٹی ڈائیلاگ کیلئے تاجکستان روانہ
انہوں نے افغان معاشرے کے تمام طبقات بشمول خواتین اور اقلیتوں کی حکومت میں نمائندگی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی تاکہ افغان آبادی کے ممکنہ بڑے حصے کی اجتماعی توانائی قومی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی امداد سب کے لیے قابل رسائی ہونی چاہیے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تمام ذمہ داریوں کے احترام کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوان کسی بھی معاشرے کے مستقبل کے لیے اہم ہوتے ہیں۔ اس سے نہ صرف نوجوانوں میں بنیاد پرست نظریات کی افزائش کو روکنے میں مدد ملے گی بلکہ اس کا مثبت سماجی اثر بھی پڑے گا۔"
واضح رہے کہ این ایس اے اجیت ڈووال کی قیادت میں ایک بھارتی وفد افغانستان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے چوتھے علاقائی سلامتی مذاکرات میں شرکت کے لیے جمعرات کو دوشنبہ روانہ ہوا۔ نومبر 2021 میں نئی دہلی میں افغانستان کے بارے میں تیسرے علاقائی سلامتی مذاکرات کے بعد، تاجکستان، بھارت، روس، قازقستان، ازبکستان، ایران، کرغزستان اور چین کے ای ایس اے نے افغانستان پر علاقائی سلامتی کے مذاکرات کے لیے آج 27 مئی کو دوشنبے میں ملاقات کی۔