سیول: جنوب مغربی جنوبی کوریا کے سمندر میں ماہی گیری کی ایک کشتی الٹنے سے 9 افراد لاپتہ ہو گئے۔ یونہاپ نیوز ایجنسی نے اتوار کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ کی شب 11:19 بجے 24 ٹن وزنی ماہی گیری کا جہاز ڈیبچی کے غیر آباد جزیرے کے 16.6 کلومیٹر مغرب میں الٹ گیا۔ یہ علاقہ جیولا صوبہ سینان کے جنوب مغرب کاونٹی سے تقریباً 20 کلومیٹر دور واقع ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے بحری جہاز میں سوار 12 میں سے تین ماہی گیروں کو قریبی بحری جہاز نے بچا لیا تاہم رات بھر سرچ آپریشن کے باوجود 9 دیگر کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ کوسٹ گارڈ اور بحریہ نے تلاشی آپریشن کے لیے بحری جہازوں، ہوائی جہازوں اور ریسکیو یونٹس کو موقع پر بھیج دیا ہے۔
کوسٹ گارڈ فی الحال لاپتہ ماہی گیروں کو تلاش کرنے کے لیے جائے حادثہ کی تلاش کر رہا ہے۔ صدر یون سک یول نے لاپتہ افراد کی تلاش اور بازیابی میں زیادہ سے زیادہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کوسٹ گارڈ کو تلاشی کے علاقے کو وسیع کرنے کا بھی حکم دیا۔ واضح رہے کہ 29 جنوری کو پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں کشتی پلٹنے سے گیارہ بچوں کی موت ہو گئی تھی۔ کوہاٹ کے ڈپٹی کمشنر نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشتی میں کُل 30 افراد سوار تھے جن میں زیادہ تر بچے تھے۔ اس حادثے میں 11 بچے ہلاک ہو گئے۔ وہیں غوطہ خوروں نے واقعہ کے بعد 16 بچوں کو بچا لیا۔
یہ بھی پڑھیں: Boat Capsize in Pakistan پاکستان میں کشتی پلٹنے سے 11 بچے ہلاک
یو این آئی