سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سربراہ نواز شریف نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرے۔ الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے ممنوعہ فنڈ کے کیس میں ان کی پارٹی کے خلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ نواز شریف نے الزام لگایا کہ آج یہ ثابت ہو گیا ہے اور اب پورا ملک جانتا ہے کہ عمران خان ملکی تاریخ کا سب سے بڑا چور ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز ای سی پی نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے واقعی ممنوعہ فنڈز وصول کیے ہیں۔ PTI's Prohibited Funding Case
ای سی پی نے کہا کہ کمیشن کے سامنے پارٹی نے صرف آٹھ اکاؤنٹس ہونے کا اعتراف کیا اور 13 اکاؤنٹس کو نامعلوم قرار دیا۔ اپنے حکم میں، الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ "ہم یہ یقین کرنے پر مجبور ہیں کہ عمران خان پاکستانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے۔" ای سی پی کے فیصلے کے بعد اپنی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان ایمانداری کے بارے میں لوگوں کو نصیحت دیتے تھے۔ لیکن وہ جانتے تھے کہ وہ اب تک کی سب سے بڑی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے رہے"۔
یہ بھی پڑھیں: PTI Foreign Funding Case: عمران خان کی پارٹی پر بیرونِ ملک سے ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت
دریں اثناء، پاکستان کی خاتون وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اس معاملے میں ای سی پی کے فیصلے پر قانون کے مطابق عمل درآمد کرے گی۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا کہ کمیشن کے فیصلے سے عمران خان کے جرائم کی تصدیق ہوئی ہے اور مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنی پارٹی کے صدر کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیر قانونی غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلانے کا کام کیا ہے۔ (یو این آئی)