یارک شائر: نئے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس اور ان کی اہلیہ پر انڈے پھینکنے کی واردات میں ملوث نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی کنگ چارلس ان دنوں اپنی اہلیہ کے ساتھ شمالی انگلینڈ کے شہر یارکشائر کے دورے پر ہیں، جہاں ایک تقریب کے دوران ان پر ایک مشتعل شخص کی جانب سے انڈے پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔Eggs thrown at King Charles
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مذکورہ ملزم یارکشائر میں کنگ چارلس اور ملکہ کیملا کے استقبال کیلئے آنے والے سینکڑوں لوگوں کے درمیان موجود تھا، اسی دوران ملزم نے موقع پاکر ان کی جانب چار انڈے پھینکے۔ خوش قسمتی سے چاروں انڈے نشانے پر نہیں لگے اور ان کو لگنے کے بجائے سامنے سے گزرتے ہوئے زمین پر گرگئے۔
اس موقع پر کنگ چارلس نے کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا اور تقریب بھی بدستور جاری رہی۔ تاہم سکیورٹی کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجمع میں سے ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اور چیختے ہوئے کہا کہ یہ ملک غلاموں کے خون سے بنا تھا، دوسری جانب وہاں موجود لوگوں نے اپنے بادشاہ کے حق میں بھی نعرے لگائے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چار انڈے بادشاہ کے سامنے گرنے کے باوجود کنگ چارلس بہت مطمئن اور پرسکون دکھائی دیئے۔
واضح رہے کہ نئے برطانوی بادشاہ کنگ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد تخت نشین ہوئے تھے اور ان دنوں وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ شمالی انگلینڈ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ کنگ چارلس اور ملکہ کیملا یارکشائر کا دورہ کر رہے ہیں جہاں بادشاہ اپنی والدہ مرحوم ملکہ کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کریں گے۔ اس سے قبل بھی ملکہ الزبتھ کی کار پر بھی انڈے پھینکے گئے تھے جب وہ وسطی انگلینڈ کے شہر ناٹنگھم گئی تھیں اور 1995 میں وسطی ڈبلن میں واک آؤٹ کے دوران برطانوی مخالف مظاہرین نے چارلس پر انڈے پھینکے تھے۔ (یو این آئی)