دمشق: اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) نے اتوار کو مشرقی شام میں اغوا کیے گئے 75 افراد میں سے 11 کو ہلاک کردیا ہے۔ یہ معلومات دیتے ہوئے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور شامی حکومتی فورسز کا ایک رکن بھی شامل ہے۔ آبزرویٹری کے مطابق پلمایرا شہر کے قریب آئی ایس نے ہفتہ کو 75 کارکنوں کو اس وقت اغوا کیا جب وہ وہاں کام کر رہے تھے۔ برطانیہ میں قائم اس تنظیم نے کہا کہ اسے اغوا کیے گئے دیگر 64 افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
آبزرویٹری نے کہا کہ آئی ایس نے ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلوں پر عالمی تشویش کا فائدہ اٹھایا ہے اور متاثرین کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس کے شدت پسندوں نے 2018 میں بھاری نقصان اٹھانے کے بعد مشرقی شام کے صحرائی علاقے کو ایک محفوظ پناہ گاہ کے طور پر لے لیا ہے اور اس علاقے میں اکثر شہریوں اور فوجی اہلکاروں پر حملے اور اغوا کرتے رہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامک اسٹیٹ ( آئی ایس ) نے اس سے پہلے بھی شام میں متعدد مرتبہ عام شہریوں کو اغوا کرکے انہیں ہلاک کردیا تھا۔ شام میں خانہ جنگی کے باعث ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں کی تعداد میں بے گھر ہوئے ہیں اور کئی ہزار دوسرے ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں شام میں اقوام متحدہ کی مداخلت سے کئی مرتبہ جنگ بندی کی گئی تاہم یہ جنگ بندیاں دیر تک قائم نہ رہ سکی۔
یو این آئی
یہ بھی پڑھیں : Turkey Arrests 48 for Looting ترکیہ میں زلزلے کے بعد لوٹ مار کے الزام میں اڑتالیس افراد گرفتار