کابل: خامہ پریس کے مطابق غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے کی کوشش کررہے کم از کم 11 افغان مہاجرین کی ایرانی بارڈر فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے۔ خامہ پریس نے ایران انٹرنیشنل کے حوالے سے بتایا کہ ایرانی سرحدی فورسز نے جمعہ کے روز نمروز بارڈر کراسنگ پر گیارہ افغان شہریوں کی لاشیں طالبان اہلکاروں کے حوالے کر دیں۔ یاد رہے کہ چار روز قبل ایرانی سکیورٹی فورسز نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں گیارہ افغان شہریوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جو غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہلاک ہونے والے افغان شہریوں کی عمریں 20 سال کے لگ بھگ تھیں جن میں دو کی عمریں 18 سال بتائی جارہی ہیں۔ خامہ پریس کے مطابق، ایرانی حکام اور طالبان حکام نے ابھی تک ان ہلاکتوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ صوبہ نمروز میں طالبان نے کہا کہ گزشتہ گیارہ مہینے کے دوران اس صوبے کے ذریعے 470 سے زائد افغان مہاجرین کی لاشیں ملک منتقل کی گئی ہیں۔ طالبان حکام کا کہنا کہ یہ افراد ہیومن ٹریفک کے واقعات سمیت دیگر واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔
خامہ پریس نے رپورٹ کیا کہ فروری میں، صوبہ نمروز کے محکمہ پناہ گزینوں اور وطن واپسی کے طالبان حکام نے یہ بھی کہا کہ ایران نے گزشتہ ہفتے کے دوران 7,612 افغان مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیج دیا۔ صوبہ نمروز کے محکمہ پناہ گزینوں اور وطن واپسی کے ڈائریکٹر صدیق اللہ نصرت نے اتوار کے روز کہا کہ ان میں سے بہت سے، جو مالی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں، نے ہجرت کو آسان بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM) سے نقد رقم حاصل کی ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں کچھ افغان مہاجرین کہہ رہے تھے کہ ایرانی فورسز نے بلوچستان میں ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان میں سے ایک شخص زخمی ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : کابل ایئر پورٹ پر 7 افغانی شہری ہلاک: برطانوی فوج
اگست 2021 میں طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد سے، طالبان کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں اور ظلم و ستم کے خوف سے متعدد افغان شہری ایران اور پاکستان سمیت پڑوسی ممالک میں ہجرت کر گئے ہیں۔ چونکہ ان مہاجرین کی ایک بڑی اکثریت غیر قانونی راستوں کے ذریعے پڑوسی ممالک میں داخل ہوئی ہے، اس لیے اب انہیں سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے۔ اگرچہ ایران اور پاکستان نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغانوں کو رہائش دی ہے، لیکن اب غیر دستاویزی افغان شہریوں سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ خامہ پریس کے مطابق، وزارت برائے مہاجرین اور وطن واپسی نے اس سے قبل تقریباً 3000 افغان تارکین وطن کی واپسی کی اطلاع دی تھی، جن میں سے اکثریت کو ایران چھوڑنے پر مجبور کیا گیا تھا، جب کہ دیگر اپنی مرضی سے چلے گئے تھے۔