بھارت اور پاکستان نے بدھ کے روز افغانستان میں آنے والے المناک زلزلے کے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے یہاں ٹویٹر پر کہا کہ ہندوستان افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ لوگوں اور ان کے خاندانوں کے تئیں اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ضرورت کی اس گھڑی میں انہیں ہر مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ٹویٹ کرکے افغانستان میں آج آنے والے تباہ کن زلزلے کی خبر پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مشکل وقت میں افغانستان کی مدد کرنے کا اعادہ کیا ہے انھوں نے ٹویٹ کیا کہ افغانستان میں آج آنے والے تباہ کن زلزلے کی خبر اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ بھارت مشکل وقت میں افغانستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام ممکنہ آفات سے متعلق امدادی سامان جلد سے جلد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
وہیں پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق، پاکستان نے بھی افغانستان میں زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے کہا کہ ہمارے حکام اور ادارے اپنے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر افغانستان کو مطلوبہ مدد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔"
افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی ٹوئٹر پر زلزلے کے متاثرین سے تعزیت کی اور خیراتی تنظیموں اور قومی تاجروں پر زور دیا کہ وہ متاثرین کی مدد کریں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے طلوع نیوز کے مطابق زلزلہ کل رات 1:30 بجے کے قریب آیا۔ افغانستان کے پکتیکا اور خوست صوبوں میں شدید زلزلے میں 900 سے زائد افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ افغانستان کی خبر رساں ایجنسی طلوع نیوز کے مطابق ملک کے وزیر مملکت برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ شرف الدین مسلم نے میڈیا کو بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں 920 افراد ہلاک اور 610 زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Earthquake in Afghanistan: افغانستان میں زلزلہ، 950 افراد ہلاک