خرطوم: سوڈان کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) نے ڈرون کے ذریعہ اوم درمان شہر میں ایک اسپتال کو نشانہ بنایا، جس میں پانچ افراد ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ سوڈانی فوج نے ہفتے کے روز کہا کہ یہ حملہ دارالحکومت خرطوم کے شمال مغرب میں واقع اوم درمان میں ملٹری میڈیکل کور اسپتال کے ایمرجنسی کمپاؤنڈ میں ہوا۔ فوج نے آر ایس ایف پر بین الاقوامی انسانی قانون اور جنگ کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔ سوڈان کی وزارت صحت نے قبل ازیں پریس ریلیز میں کہا تھا کہ ایک فوجی اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ پر آر ایس ایف کے حملے میں چار شہری ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ اس سلسلے میں آر ایس ایف کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے گزشتہ ہفتہ سوڈان میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جاری لڑائی کے دوران اوم درمان شہر پر فضائی حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ وزارت صحت کے ایک بیان کے مطابق حملے میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 15 اپریل سے سوڈان میں سوڈانی مسلح افواج اور آر ایس ایف کے درمیان مسلح تصادم جاری ہے۔ اس کی وجہ سے 3,000 سے زیادہ اموات اور 6,000 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Sudan Air Strikes سوڈان میں فضائی حملہ، بائیس افراد ہلاک، متعدد زخمی
یو این آئی