انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے بدھ کو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کی اور یوکرین و روس کے درمیان تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا۔ اردوغان کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دوران گفتگو اس بات پر زور دیا کہ روسی اناج اور کھاد کی برآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مشاورت جاری رکھنا مفید ہوگا۔
ترک صدر نے کہا کہ پوری دنیا بلیک سی گرین انیشیٹو کے تسلسل کو اہمیت دیتی ہے، جو یوکرینی اناج کو عالمی منڈیوں میں برآمد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ کوششوں سے قائم ہونے والا معاہدہ عالمی غذائی بحران سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سے پہلے دن میں اردوغان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بھی بات کی اور جنوبی یوکرین میں کاخووکا ہائیڈرو الیکٹرک پاور پلانٹ ڈیم کو پہنچنے والے نقصان کی تحقیقات میں مدد کی پیشکش کی۔
یہ بھی پڑھیں:
قابل ذکر ہے کہ جولائی 2022 میں، یوکرین بحران کے درمیان عالمی بازاروں میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے یوکرین اور روس سے اناج اور کھاد کی برآمدات پر ترکی اور اقوام متحدہ کے ساتھ استنبول میں روس اور یوکرین علیحدہ علیحدہ دستاویزات پر دستخط کیے تھے۔ روسی خوراک اور کھادوں کی برآمد کی سہولت پر روس اور اقوام متحدہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت بلیک سی گرین انیشیٹو کے ساتھ ایک متوازی معاہدہ ہے۔ یوکرین کے اناج کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، وہیں روس نے مسلسل خوراک اور کھاد کی برآمدات کے لیے سہولیات کی کمی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ (یو این آئی)