بیجنگ: چین نے امریکہ سے غبارے کا ملبہ واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم امریکہ نے ملبہ واپس کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی دفترِ خارجہ کی جانب سے بیان میں امریکہ سے غبارے کا ملبہ واپس کرنے کا مطالبہ کیا، جس کو امریکہ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں اپنی سرزمین پر مار گرایا تھا۔ چینی دفتر خارجہ نے غبارے کو مار گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ غبارہ امریکہ کا نہیں ہے، یہ عوامی جمہوریہ چین کا ہے، چینی حکومت اپنے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ جاری رکھے گی۔ چینی سفارت کار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ غبارہ موسمیاتی مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا، اس سے امریکی قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکہ نے چین کی جانب سے غبارے کا ملبہ واپس کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے اور کہا کہ ملبہ واپس کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکی فوج نے سطح سمندر سے غبارے کی کچھ باقیات برآمد کی ہیں اور باقی سمندر کے نیچے سے جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مار گرانے سے پہلے ہی غبارے کے بارے میں کافی اہم معلومات اکٹھی کر لی تھی اور ابھی تک ان معلومات کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Chinese spy Balloons بھارت سمیت متعدد ممالک کی چینی غباروں سے جاسوسی کی گئی، رپورٹ
Chinese Spy Balloon چین نے غبارے کو مار گرانے کے امریکی اقدام کی شدید مخالفت کی
واضح رہے کہ تین روز قبل چین کے غبارے کو امریکی طیارے نے مار گرایا تھا ، پینٹاگون نے غبارے کو جنوبی کیرولینا کے ساحل پر نشانہ بنانے کی تصدیق کی تھی۔اس حوالے سے پینٹاگون سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ جاسوسی غبارہ چین کی جانب سے ناقابل قبول فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ (یو این آئی)