اسلام آباد: سابق وزیراعظم تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں نئے وزیراعظم کو منتخب کیے جانے کے عمل کا جمود ختم ہوگیا ہے، کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چودھری انوارالحق کو پاک مقبوضہ کشمیر کا نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ پی او کے کے 15 ویں وزیراعظم بھی بن گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رات میں ہونے والی ووٹنگ میں نئے وزیراعظم کو 52 اراکین پر مشتمل ایوان میں سے 48 اراکین کے ووٹ ملے جس میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے 12، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے 7 اراکین بھی شامل تھے۔ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد انوارالحق نے کہا کہ انھوں نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا ہے اس لیے انہیں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ووٹ دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہے کہ 11 اپریل کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کے الزام میں ہائی کورٹ نے مجرم قرار دیا تھا جس سے وہ حکمرانی کیلئے ناہل ہوگئے تھے۔ اور پھر انھوں نے اس فیصلے کے خلاف خطے کی سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی جہاں پر بھی ان کو راحت نہیں ملی اور ان کی اپیل خارج کردی گئی۔پاکستانی مقبوضہ کشمیر کی اعلیٰ عدلیہ نے تنویر الیاس کو عوامی جلسوں میں اپنی تقریروں میں اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے تضحیک آمیز ریمارکس کی بنیاد پر قصوروار قرار دیتے ہوئے ناہل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران الیاس تنویر نے بالواسطہ طور پر عدلیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدلیہ حکومت کے کام کو متاثر کر رہی ہے اور حکم امتناع کے ذریعے ایگزیکٹو کے اختیارات میں مداخلت کیے جارہی ہے۔