کابل،افغانستان کے صوبہ غور میں خاتون نے گھر سے بھاگنے پر طالبان فورسز کی جانب سے سنگسار کرکے قتل کیے جانے کے خوف سے خودکشی کرلی۔Woman in Afghanistan commits suicide before Taliban could stone her
مقامی میڈیا نے مقامی طالبان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ طالبان نے شادی شدہ شخص کے ساتھ گھر سے بھاگنے والی خاتون کو جمعہ کے روز سنگسار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن اس سے قبل ہی لوگوں کے سامنے تذلیل سے بچنے کے لیے خودکشی کرلی۔
حکام نے مزید بتایا کہ جس شخص کے ساتھ وہ خاتون گھر سے بھاگی تھی اسے 13 اکتوبر بروز جمعرات پھانسی دے دی گئی تھی۔
خاما پریس کے مطابق طالبان کے صوبائی پولیس چیف برائے غور کے قائم مقام ترجمان عبدالرحمٰن نے کہا کہ خواتین کی جیل نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کو سرعام سنگسار کرنے کی سزا سنائی گئی۔طالبان سیکیورٹی اہلکار کے مطابق سزا ملنے سے قبل ہی خاتون نے اسکارف سے گلا گھونٹ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف صوبوں میں خواتین کے گھروں سے بھاگنے کی اطلاعات میں اضافہ ہوا جب کہ طالبان حکومت نے انہیں سنگسار کرنے یا سرعام کوڑے مارنے کا فیصلہ کیا۔
خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے جن کا آغاز تعلیم پر پابندیوں سے ہوا تھا جن کے تحت چھٹی جماعت سے اوپر کی طالبات کے اسکول جانے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
گزشتہ سال اگست میں افغانستان میں دوبارہ اقتدار سنبھلانے والی طالبان حکومت نے خواتین کے حقوق اور آزادیوں پر قدغنیں لگائی تھیں اور معاشی بحران اور پابندیوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر خواتین کو کام کرنے سے روک دیا گیا۔ان اقدامات کے نتیجے میں افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو انسانی حقوق سے متعلق بحران کا سامنا ہے، وہ عدم امتیازی سلوک، تعلیم، نوکری، عوامی سطح پر شرکت اور صحت کے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔
میڈیا میں کام کرنے والی تقریباً 80 فیصد خواتین اپنی ملازمتوں سے محروم ہوچکی ہیں اور ملک میں تقریباً ایک کروڑ 80 لاکھ خواتین صحت، تعلیم اور سماجی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن یو این اے ایم اے نے اگست میں ایک رپورٹ جاری کی جس میں طالبان دوبارہ بر سر اقتدار آنے کے بعد سے افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کی منظر کشی کی۔
مزید پڑھیں:Taliban on Female Students طالبان نے تعلیم کیلئے لڑکیوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگائی
یو این آئی