عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بدھ کے روز عازمین حج کی تعداد کو محدود کرنے کے سعودی عرب کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبائی امراض کے دوران صحت کو اولین ترجیحات میں شامل کرنا تمام ممالک کے لئے لازمی ہے۔
جنیوا میں خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم گریبیسس نے کہا کہ بحفاظت اجتماعات منعقد کرنے سے متعلق لوگوں کی فکر میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عربیہ نے ڈبلیو ایچ او کی رہنمائی کے بعد خطرے کی تشخیص اور مختلف منظرناموں کے تجزیے پر مبنی یہ فیصلہ کیا ہے۔
ٹیڈروس نے خبردار کیا کہ ویکسین کی تحقیق جاری رکھنی چاہئے، حالانکہ ڈبلیو ایچ او کو اگلے ہفتے کے اندر 10 ملین تصدیق شدہ معاملات کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس بیماری میں مبتلا افراد کے لئے علاج معالجے کی کوششیں لازمی ہے۔
واضح ہو کہ کووڈ 19 کا سامنا کرنے والوں کو اضافی آکسیجن کی ضرورت ہے۔ تاہم ٹیڈروس نے کہا کہ آکسیجن کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق بہت سارے ممالک آکسیجن حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے اعلان کیا کہ اقوام متحدہ کے شراکت داروں کے ساتھ ان ممالک کے لئے آکسیجن اور دیگر سازو سامان فراہم کیا جا رہا ہے، جن ممالک کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔