موجودہ حالات اور قیمتوں میں لگاتار اضافے کے خلاف یمن کے مشرقی شہر سیعون میں پیر کے روز درجنوں افراد نے یمن کے ایک سرکاری کمپلیکس میں جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت سے وابستہ فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے ہوا میں فائرنگ کی۔ اس دوران مظاہرین نے قریبی سڑکوں میں کاروں کے ٹائر جلائے۔
ساؤتھرن ٹرانزیشن کونسل نے احتجاج پر حکومتی فورسز کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے حمایت یافتہ علیحدگی پسند گروپ یمن کی جنگ میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی عرب کی زیرقیادت اتحاد کا ایک حصہ ہے لیکن صدر عابد ربو منصور ہادی کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے ساتھ اس کا اختلاف ہے۔
یمن میں تنازع 2014 میں اس وقت شروع ہوا جب حوثی باغی دارالحکومت میں داخل ہوگئے اور انہوں نے ملک کے بیشتر حصے پر قبضہ کرلیا۔
سعودی زیرقیادت ایک فوجی اتحاد نے حوثیوں کو ختم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی بحالی کے لئے بمباری مہم کا آغاز کیا۔
یمن میں 2014 کے بعد سے حالات بہت خراب ہوئے ہیں اور اب تک 130،000 افراد ملک میں پھیلی بدامنی کے باعث ہلاک ہوئے ہیں جبکہ بہت سارے لوگ نقل مکانی کے لئے مجبور ہوئے ہیں۔ ملک میں 12 ہزار افراد کے پاس کھانے کے لئے نہیں ہے۔ دنیا کی مخلتف تنظیمیں یمن میں لوگوں کو راحت رسانی کے لئے کام کر رہی ہیں لیکن یہاں کے مسائل کے سامنے وہ ناکافی ہے اور کورونا وائرس نے اس میں بڑی رکاوٹ پیدا کی ہے۔ ان تنطیموں کی امداد میں کمی آئی ہے اور اس نے بھی ان علاقوں میں راحت رسانی کے کام میں کمی کر دی ہے۔