سعودی حکومت نے خانہِ کعبہ اور مسجد نبویؐ میں تراویح کو 10 رکعت تک محدود رکھنے کا حکم جاری کردیا۔ جس کے بعد پیر کی رات سے شروع ہونے والی تراویح کی نماز میں اب نصف یعنی 10 رکعتیں ہی ہوں گی۔
سعودی گزٹ کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے ماہ رمضان میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نمازِ تراویح میں رکعت کی تعداد کو نصف کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ مدینہ منورہ اور مکہ شریف کے معاملات کی نگرانی کرنے والے شیخ عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تناظر میں تراویح کی رکعت کو 20 سے کم کرکے 10 کردیا گیا ہے اور انہیں بھی تمام تر حفاظتی اقدامات اور تدابیر کے ساتھ ادا کیا جائے گا۔
سعودی حکام نے جہاں ایک جانب دونوں مقدس مساجد میں ماہ رمضان میں عمرے اور عبادت کی اجازت دے دی ہے وہیں دوسری جانب زائرین کو اعتکاف اور افطار کی اجازت نہیں دی ہے۔ جس کے سبب مقامی شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ رمضان میں بھی مقامی اور غیر ملکی زائرین کے لیے نہ صرف عمرے بلکہ پانچ وقت کی نماز، تراویح اور افطار پر بھی مکمل پابندی عائد تھی تاہم مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں کام کرنے والے افراد کو دس رکعت تراویح اور پانچ وقت نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔