یہ اطلاع سرکاری نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں دی ہے۔
فوج کی طرف سے جاری بیان کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ 'اسرائیل کی جانب سے پہلا میزائل حملہ علی الصباح 3 بجکر 22 منٹ پر کیا گيا جس میں جنوب مغربی دیہات میں واقع فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے جواب میں شامی ایئر ڈیفینس سسٹم نے کچھ میزائلوں کا تعاقب کیا جو مقبوضہ گولان پہاڑیوں سے داغے گئے تھے۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ 'اس کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقفے میں اسرائیل نے پھر سے حملہ کیا اورمشرقی قنیطرہ کے دیہات میں واقع ٹھکانوں پر متعدد میزائل داغے، جس میں تین فوجی جوانوں کی موت ہو گئی اور سات دیگر فوجی جوان زخمی ہوگئے۔'
اسرائیل کی طرف سے شام کے فوجی اڈوں کو بار بار نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جن کے بارے میں اس کا دعوی ہے کہ وہ ایران نواز عسکری گروپوں کے ٹھکانے ہیں۔