ایران کو روس کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ مل گئی ہے۔ ایران میں کورونا وائرس کا قہر اب بھی جاری ہے اور وہ اس سے بچنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ مشرقی وسطی میں سب سے زیادہ کورونا متاثر ملک ایران ہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ کھیپ روسی ساختہ اسپوٹنک وی ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکوں پر مشتمل ہے جو ماسکو سے تہران کے امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے روس میں تہران کے سفیر کاظم جلالی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران روس سے 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں خریدے گا۔
جلالی نے بتایا کہ آئندہ کورونا ویکسین کی خوراکیں 18 اور 28 فروری کو ایران پہنچیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کویت: غیر ملکی شہریوں کو دو ہفتوں تک ملک میں داخل ہونے پر پابندی
خیال رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے 8 جنوری کو ایک ٹی وی خطاب میں کہا تھا کہ امریکی اور برطانوی کورونا ویکسینیں ہمارے لیے ممنوع ہیں۔
خیال رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ نے حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ کورونا ویکسین بیرون ملک سے نہ منگوائے بلکہ مقامی سطح پر تیار کی جائے۔ تاہم، ان کے اس فیصلے کے خلاف مقامی اور عالمی سطح پر ایک مہم چلائی گئی تھی جس میں ان سے ویکسین کی درآمد پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیر صحت سعید نمکی نے بتایا تھا کہ ایرانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری تک بیرون ملک سے کورونا ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔