شام کے شمال میں ایک خوف ناک کار بم دھماکے کے نتیجے میں 21 شہری ہلاک اور 82 زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کار بم دھماکا ترک سرحد کے قریب شمالی شہر الباب میں کیا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں درجنوں دکانیں، سرکاری املاک اور مکانات تباہ ہوگئے۔
شہری دفاع کا کہناہے کہ یہ بم دھماکا بازار میں کھڑی کی گئی گاڑی میں ہوا، جو باردو سے بھری ہوئی تھی۔
شہری دفاع کا مزید کہنا ہے کہ زخمیوں میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ علاقہ ترکی نواز شامی مسلح حز ب اختلا ف کے زیر انتظام ہے، جب کہ ترکی مخالف کرد ملیشیائیں اس علاقے میں دھماکے کرتی رہتی ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو اسپتال میں منتقل کیا۔ اس دوران فائربریگیڈ کے اہل کاروں نے کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
الباب کے ایک مقامی اسپتال کی نرس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'اسپتال میں لائے گئے 11 افراد ہلاک ہوگئے، جب کہ باقی ہلاکتیں دیگر اسپتالوں میں ہوئیں۔
دھماکے کی شدت سے کئی عمارتیں تباہ ہوئیں اور ان کے ملبے تلے دب کر کئی افراد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب شام کے شمال مغربی علاقے عفرین میں دہشت گرد حملے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق متاثرہ علاقے میں ترک فوج کی جانب سے کر د ملیشیا پی کے کے اور وائی پی جی کے خلاف آپریشن جاری ہے۔