جاپان میں حال ہی میں کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر پیر کو مزید چار صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
جاپانی حکومت نے جن چار صوبوں میں 31 اگست تک ایمرجنسی نافذ کی ہے ان میں چیبا، کاناگاوا، سیتاما اور اوساکا شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹوکیو اور اوکی ناوا میں پہلے سے 22 اگست تک نافذ ایمرجنسی کی مدت کو بھی 31 اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہوکائیڈو، اشیکاوا، کیوٹو، ہیوگو اور فوکو اوکا صوبوں کے کچھ حصوں میں پیر سے اگست کے آخر تک سیمی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔
نیشنل گورنرز ایسوسی ایشن نے لوگوں سے اپنے بین صوبائی سفر کو ملتوی کرنے اور ضروری سفر کی صورت میں کورونا ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جاپان میں 12 ہزار 343 نئے کیسز درج ہوئے ہیں جبکہ اس دوران 8 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان کے آبی علاقہ میں چار چینی جہاز داخل
مجموعی طور پر جاپان میں 9 لاکھ 25 ہزار 823 کورونا وائرس کے کیسز درج ہوئے ہیں جس میں 15 ہزار 192 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے وہیں، 8 لاکھ 39 ہزار 246 مریض صحتیاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہو کر گھر لوٹ گئے ہیں۔