کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ان کا ملک کووڈ 19 وبائی امراض سے نمٹنے میں بھارت کو 10 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹروڈو نے کہا کہ وزیر خارجہ مارک گارنو نے بھارت میں اپنے ہم منصب ایس جے شنکر سے بات کی ہے کہ کینیڈا کس طرح کی مدد فراہم کرسکتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 'ہم کینیڈا ریڈ کراس کے توسط سے انڈین ریڈ کراس کو دس لاکھ ڈالر فراہم کرنے کے لئے بھی تیار ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ایمبولینس اور پی پی ای کیٹ سمیت دیگر آلات خریدنے میں مدد ملے گی۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین ہونے والی گفتگو کے بارے میں ٹروڈو نے کہا کہ 'ہم کس طرح مدد کر سکتے ہیں، اس کے متعلق بات چیت جاری ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'کینیڈا بہت ہی افسوسناک اور خوفناک تصویروں سے بہت پریشان ہے، جو بھارت سے آرہی ہیں۔'
اس سے قبل وزیر خارجہ گارنو نے ٹویٹر پر کہا تھا کہ انہوں نے اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے کووڈ 19 کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کے متعلق بات کی اور بھارت کے عوام کے ساتھ کینیڈا کے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔
بھارت میں کورونا وائرس کے انفیکشن کے ریکارڈ 3،60،960 نئے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد انفیکشن کے کل معاملات بڑھ کر 1،79،9،267 ہو گئے ہیں۔ بدھ کی صبح تک وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق مزید 3،293 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔