پوری دنیا میں ہر سال 12 جولائی کو ملالہ ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کی لڑکیوں کی تعلیم کے حق کے لئے لڑائی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
سنہ 2013 میں 12 جولائی کو ہی لڑکیوں کی تعلیم کے حقوق کو فروغ دینے والی ملالہ نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک محرک تقریر کی۔ تقریر سن کر عالمی رہنماؤں نے کھڑے ہوکر ملالہ کی تعریف کی۔
ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997 کو پاکستان کے مینگورہ میں پیدا ہوئی تھیں، ملالہ کے کنبہ میں ان کے والد ضیاء الدین، والدہ طور پیکائی یوسف زئی اور دو چھوٹے بھائی ہیں۔
ملالہ نے سنہ 2009 میں بلاگنگ شروع کی تھی۔ بلاگ میں ملالہ نے اپنی آبائی ریاست میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کا حوالہ دیا۔ انہیں خوف تھا کہ ان کے اسکول پر حملہ ہو جائے گا۔
سنہ 2012 میں جب ملالہ اسکول سے گھر واپس آرہی تھیں تب ان پر حملہ ہوا اس حملے کی پوری دنیا میں مذمت کی گئی۔ پاکستان میں ہی 20 لاکھ سے زائد افراد نے تعلیم کے حق سے متعلق درخواست پر دستخط کیے۔ صرف یہی نہیں قومی اسمبلی نے پاکستان کے پہلے 'رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسیو ایجوکیشن' کو منظوری بھی دے دی۔
طالبان کے حملے کے باوجود ملالہ مضبوط نیت سے واپس آئی اور لڑکیوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتی رہی۔ برطانیہ کے برمنگھم میں رہتے ہوئے انہوں نے 'ملالہ فنڈ' کی بنیاد رکھی جس سے لڑکیوں کو اسکول جانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے ایک کتاب 'آئی ایم ملالہ' بھی لکھی جو ایک بین الاقوامی فروخت ہونے والی بن گئی۔
یہ بھی پڑھیں: میرا خواب ہے کہ بھارت اور پاکستان اچھے دوست بن جائیں: ملالہ یوسف زئی
سنہ 2012 میں حکومت پاکستان نے انہیں پہلا قومی یوتھ پیس انعام سے نوازا جب کہ دسمبر 2014 میں انہیں نوبل امن انعام سے نوازا گیا۔ ملالہ یوسف زئی نے جون 2020 میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاست اور معاشیات میں گریجویشن مکمل کی۔
آپ کو بتادیں کہ ملالہ سب سے کم عمر نوبل امن انعام یافتہ ہے۔ جب انہیں اعزاز سے نوازا گیا تو ان کی عمر 17 سال تھی۔