کابل: افغانستان پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد بحران سے دوچار افغانستان میں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے امدادی سامان کابل بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کا طیارہ خوراک اور ادویات لیکر کابل ائیرپورٹ پہنچا ہے اور اس کی تصدیق اماراتی وزارت خارجہ نے کی ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حالیہ واقعات کے بعد افغانستان امداد لے جانے والی یہ پہلی اماراتی پرواز ہے۔
مزید پڑھیں:
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی اماراتی طیارے کی آمد کی تصدیق کی اور طیارے کی آمد کے موقع پر کابل ائیرپورٹ پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کا طیارہ 60 ٹن خوراک اور طبی سامان لے کر کابل پہنچا ہے۔
اُدھر عالمی ادارہ خوراک نے بھی افغانستان کیلئے انسانی مدد پہنچانے والی پروازیں بحال کردی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ خوراک کی پروازیں اسلام آباد سے قندھار اور مزار شریف جارہی ہیں۔