دنیا بھر میں کورونا وائرس کی لہر پھر پھیل رہی ہے جس کے سبب بہت سے ممالک لاک ڈاؤن اور پابندیاں نافذ کررہے ہیں۔ اسی تناظر میں بنگلہ دیش میں کورونا پابندیوں کے عمل درآمد پر پولیس کے خلاف پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے ضلع فرید پور میں پولیس کے تشدد سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع پر لوگوں نے تھانے پر حملہ کر دیا جس کے بعد مشتعل افراد نے ایک مکان اور 2 گاڑیوں کو آگ کے حوالے کردیا۔
پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے باعث حکومت نے گزشتہ روز سے ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
بنگلہ دیش میں جان لیوا عالمی وبا کورونا وائرس سے 9155 ہلاکتیں جبکہ 6 لاکھ 24 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں حکومت نے کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملات میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر پیر کو ملک بھر میں سات دن کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا تھا۔
اتوار کو جاری سرکاری سرکلر کے مطابق، یہ ہدایات 5 اپریل کی صبح 6 بجے سے 11 اپریل کی درمیانی رات تک موثر ہوں گی۔ نیز لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک اپنے گھروں کو نہ چھوڑیں۔
اس دوران تمام پبلک ٹرانسپورٹ خدمات (سڑک، بحری، ریلوے اور ڈومیسٹک ایئرلائنز) کے آپریشن پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور صرف ہنگامی خدمات کو اجازت دی گئی ہے۔ تاہم تمام سرکاری، غیر سرکاری دفاتر، عدالتیں اور نجی دفاتر کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ ملازمین کو اپنے ذرائع سے دفتر لا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں سات دن کا لاک ڈاؤن نافذ