طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے۔
افغان دارالحکومت کابل میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر خودکش حملے میں 18 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
آج صبح پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر کار سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
افغان وزارت داخلہ نے خودکش حملے کے نتیجے میں 18 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جب کہ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں جب کہ دھماکے سے قریب موجود رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دھماکا اس وقت ہوا جب ایک گاڑی کو پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر واقع چیک پوائنٹ پر روکا گیا۔
دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت زیادہ تر عام شہری زخمی ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
طالبان نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں متعدد پولیس اور فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کل سیکیورٹی فورسز نے کابل میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی جس میں 2 عسکریت پسند ہلاک ہوئے اور سیکیورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی مارے گئے جب کہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانے سے بم بنانے کے سامان سمیت بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔