افغانستان سے امریکی انخلاء کے درمیان پیر کی صبح کابل ایئرپورٹ کے باہر گہرا دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ دھویں کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی ہے۔ امریکی اور نیٹو افواج کے افغانستان سے انخلاء کی آخری تاریخ سے ایک روز قبل کئی طیارے صبح سے مسلسل ایئرپورٹ سے روانہ ہورہے ہیں۔
اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کئی طیاروں سے نکلنے والے دھویں سے آسمان کالا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی اور نیٹو افواج کے انخلاء کے درمیان فوج اپنے بچے ہوئے ہتھیار یا بارودی مادہ کو بھی تباہ کرسکتی ہے، جس سے دھواں اُٹھ سکتا ہے۔
اس سے قبل پیر کی صبح افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ہوائی اڈے پر 5 راکٹ داغے گئے جس کو میزائل ڈیفنس سسٹم کے ذریعے روک دیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں تقریباً 100 ممالک کے ساتھ ساتھ نیٹو اور یوروپی یونین نے کہا کہ انہیں طالبان کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سفری دستاویزات والے لوگ انخلاء کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی آزادانہ طور پر ملک چھوڑ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کابل ایئرپورٹ پر داغے گئے راکٹس کو میزائل ڈیفنس سسٹم نے روک دیا: رپورٹ
طالبان نے کہا ہے کہ منگل کو امریکی انخلاء مکمل ہونے کے بعد وہ عام سفر کی اجازت دیں گے اور وہ ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اتحادیوں نے پچھلے دو ہفتوں میں تقریباً 114،400 افراد جن میں غیر ملکی شہریوں اور کمزور افغانی شامل ہیں، کو ملک سے باہر نکالا ہے لیکن دسیوں ہزار جو ملک سے نکلنا چاہتے ہیں وہ پیچھے رہ جائیں گے۔