دنیا بھلے ہی شدت پسند تنظیم 'داعش' کے وجود کو ختم کرنے کی بات کر رہی ہو لیکن داعش کا اثر اب بھی ختم نہیں ہوا ہے۔
مشرق وسطی میں اب بھی داعش کے عسکریت پسند سرگرم عمل ہیں۔ عراق کی حکومت نے با قاعدہ داعش کے خلاف آپریشن کی شروعات کر دی ہے۔
اسی طرح شام میں بھی داعش کے عسکریت پسند وقت وقت پر سر اٹھاتے رہتے ہیں۔ گذشتہ بدھ کو شام کے شمالی صوبے رقہ میں 'داعش' اور شامی فوج کے درمیان جنگ میں 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
برطانیہ کی سماجی تنظیم 'شامی آبزرویٹری انسانی حقوق تنظیم' نے بتایا کہ بدھ کو رقہ علاقے میں شامی فوج پر داعش کے عسکریت پسندوں نے حملہ کردیا جس کے بعد دونوں کے درمیان زبردست جھڑپیں ہوئیں۔
تنظیم کے مطابق اس جھڑپ میں 11 داعش کے جبکہ 8 شامی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ مارچ سنہ 2019 سے اب تک اس علاقے میں 533 شامی فوج کے جوان اور 191 داعش کے عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔