سعودی عرب کی حکومت نے ایک بار پھر پاکستان کی مالی امداد بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی روزنامہ ’ڈان‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو دوبارہ مالی امداد بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
اس مالی امداد پر اتفاق وزیراعظم عمران خان کے رواں ہفتے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوا تھا۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پر ایک ٹویٹ کر سعودی عرب کے حمران شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ''میں ایچ آر ایچ شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 بلین ڈالر بطور ڈپازٹ اور 1.2 بلین ڈالر کے ساتھ ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات کی مالی معاونت کی۔ کے ایس اے ہمارے مشکل وقتوں بشمول اب جب دنیا اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کر رہی ہے، ہمیشہ پاکستان کے لیے کھڑے رہے ہیں۔''
یہ بھی پڑھیں: ایف اے ٹی ایف کے اگلے سیشن تک پاکستان 'گرے لسٹ' میں رہ سکتا ہے: میڈیا رپورٹ
رپورٹ کے مطابق اس کا باضابطہ اعلان وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصول شوکت ترین اور وزیر توانائی حماد اظہر بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت پاکستان کو فوری طور پر ایک سال کے لیے تین ارب ڈالر اور تیل کی ادائیگیوں کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر سالانہ امداد فراہم کرے گی۔