امریکہ کے ہیوسٹن میں بھارتی وزیر اعظم کے خطاب کے دوران یہاں سے کچھ ہی فاصلے پر متعدد تنظیموں کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
ہیوسٹن پولیس کی نگرانی میں کربے کے مقام پر 'الائنس فار جسٹس اینڈ اکاونٹیبلیٹی' کے زیراہتمام لوگ جمع ہوئے تھے۔ اس سے قبل مظاہرین نے میڈیا سے خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر سماجی کارکن سنیتا وسواناتھ،ہیوسٹن میں بلیک لائفز میٹر تنظیم کے کو فاونڈر ایشٹن پی ووڈس اور انڈین امریکن مسلم کونسل کے سید علی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔
سماجی کارکن وسوا ناتھ کا کہنا ہے کہ 'وسودھے کٹمبکم' کے فلسفے کو شدت پسند ہندووں کے ذریعہ اغوا کر لیا گیا ہے۔ بھارت میں شدت پسند ہندووں کے ہاتھوں مسلمان ہجومی تشدد کے شکار ہو رہے ہیں۔ اس طرح قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کو پامال کیا جا رہا ہے۔
وسوا ناتھ کا مزید کہنا ہے کہ حال ہی میں کشمیر پر بھارتی حکومت کا فیصلہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ این آر سی کے تحت 19 لاکھ افراد کو ان کے شہریت سے محروم کرنا ایک خوفناک معاملہ ہے۔
مظاہرین کی جانب سے کشمیریوں، اقلیتوں اور دلتوں کی حمایت کی بات کہی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک آزاد ملک ہے جہاں ہر شخص کو احتجاج کی اجازت ہے۔