پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اپنی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ شیئر کر کے 15 اگست سے 30 اگست تک بارش سے متعلق شدید واقعات میں ہوئی اموات اور زخمیوں کے تعلق سے معلومات فراہم کی ہے ۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ سرکار کے متعلقہ محکمے، فوج اور غیر سرکاری تنظیمیں متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں 61 افراد کی موت ہو گئی اور 22 دیگر زخمی ہو گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ 59 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارش نے زندگی درہم برہم کردی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ، تیز بارش کی وجہ سے شہر کی 90 فیصد کاروباری سرگرمی بند ہو گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں 48 افراد کی موت ہو گئی اور 44 دیگر زخمی ہو گئے ۔ ملک کے دیگر حصوں میں 54 دیگر افراد کی موت ہوئی ہے۔
ادھرمحکمہ موسمیات نے پیر کے روز ملک کے کچھ حصوں میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے اور کراچی سمیت کچھ شہروں میں سیلاب جیسی صورتحال کی وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔