ننکانا صاحب گردوارے پر پتھراؤ کی بھارت نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ساتھ ہی بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان حکومت سے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے پنجاب کے وزیراعلی امریندر سنگھ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ گردوارے میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالے۔
واضح رہے کہ اطلاع کے مطابق ننکانا صاحب گردوارے میں سیکڑوں کی تعداد میں سکھ عقیدت مند پھنسے ہوئے تھے اور چند شر پسندوں کے ذریعے گردوارے میں پتھراؤ کیے جانے کی بھی اطلاع ہے۔
اس معاملے میں بھارت نے سخت مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اپنے ملک میں سکھوں کی فلاح اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدام کرے۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان میں سکھ اقلیتی طبقہ کے ساتھ تشدد کے واقعات پیش آچکے ہیں، پاکستان کے پنجاب میں واقع سکھوں کے مقدس شہر ننکانا صاحب میں ہی سکھ مذہب کے بانی گروناناک دیو کی پیدائش ہوئی تھی۔