انڈونیشیا کے یوگیہ کرتا صوبہ میں سیلاب سے سات لوگوں کی موت اور 23دیگر زخمی ہوگئے۔
قومی آفت ایجنسی نے سینچر کو بتایا کہ 'یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ایک اسکول کے اسکاوٹ کلب کے 249 طلبا ایک ندی کے نزدیک ٹریکنگ کر رہے تھے اور اسی وقت شدید بارش کی وجہ سے ندی میں پانی کی روانی اچانک تیز ہوگئی۔'
ایجنسی کے ترجمان اگس وبوو نے ایک بیان میں کہا کہ 'ندی کے اچانک تیز بہاو سے ٹریکنگ کر رہے کچھ طلبا بہہ گئے۔'
زخمی طلبا کو یوگیہ کرتا کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 'لاپتہ تین طلبا کو تلاش کرنے کے لئے تلاش و بچاو مہم شروع کی گئی ہے۔'
خیال رہے کہ 'جنوری میں ہوئی موسلا دھار بارش کی وجہ سے آئے سیلاب اور زمین تودے گرنے سے دارالحکومت جکارتہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تقریباََ 70 لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ ہزاروں لوگوں کو پناہ گاہ خالی کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔