ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامی قانون سازوں نے اپنے چار حامیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر جمعرات کی سہ پہر اپنے استعفے کے خطوط سونپ دیے، کیوں کہ بیجنگ نے ان کے چار ساتھیوں کو اس ہفتے سبکدوش کر دیا تھا۔
اس بلاک کے باقی 15 ممبران نے کہا تھا کہ وہ اس ہفتے بیجنگ میں چین کی مرکزی حکومت کی طرف سے ایک قرارداد منظور ہونے کے بعد یکجہتی کے اظہار میں بڑے پیمانے پر استعفیٰ دیں گے۔
اپوزیشن کے 15 سیاست دان کونسل کی صبح کی میٹنگ سے باہر رہے اور کرسیوں کا ایک بڑا حصہ خالی نظر آیا۔
جمعرات کے روز 15 میں سے بیشتر قانون ساز باقاعدہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ بعدازاں قانون ساز کونسل کے سکریٹریٹ میں استعفی کے خطوط حوالے کردیے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین ہو چی وائی نے اپنے استعفیٰ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ 'اب سے آپ دیکھیں گے کہ ہانگ کانگ کی قانون ساز کونسل کا ایک بالکل نیا انداز ہوگا'۔
قانون ساز کونسل کے پاس اب 43 قانون ساز رہ گئے ہیں ، جن میں 41 کو اسٹیبلشمنٹ کے حامی سمجھا جاتا ہے۔
رواں برس 6 ستمبر کو قانون ساز کونسل کے لئے انتخابات ہونے والے تھے، لیکن حکومت نے کورونا وائرس کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں ایک برس کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔