متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے انسداد جرائم کے پروگراموں اور حفاظتی خدمات وضع کرنے کی غرض سے ایک مشترکہ ٹیم کی تشکیل سے اتفاق کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے وزرائے داخلہ نے ایک ورچوئل اجلاس میں اس نوعیت کی مشترکہ ٹیم کی تشکیل سے اتفاق کیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ الشیخ سیف بن زید آل نہیان نے اپنے اسرائیلی ہم منصب امیر اوہانا سے بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ منصوبوں اور پروگراموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
وزرا نے مشترکہ منصوبوں اور بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے علاوہ شہری دفاع اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں نے سلامتی اور حفاظت کی مشترکہ خدمات کی ترقی کے ذریعے اپنے ممالک میں معاشی اور سیاحتی شعبوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔
یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد کیا گیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سمیت اعلی امریکی دفاعی عہدیدار ، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے باضابطہ تعلقات کے قیام کے بعد دونوں ممالک کا دورہ کرنے والے ہیں۔