کورونا وائرس کی چین میں تیار ویکسین کو پہلے حاصل کرنے والے ممالک میں برازیل، انڈونیشیا اور ترکی شامل ہیں جہاں اس ویکسن کے تیسرے مرحلے کے کلینکل تجربے جاری ہیں۔
سنوویک ڈیولپر کے سی ای او یین ویئی دونگ نے صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔
مسٹر ویئی ڈونگ نے کہا کہ 'ہم نے برازیل میں 21 جولائی، انڈونیشیا میں یکم اگست کو اور ترکی میں 16 ستمبر کو کلینیکل تجربے کا تیسرا مرحلہ شروع کیا ہے۔ ہمیں بنگلہ دیش میں بھی اس کی منظوری حاصل ہوگئی ہے۔ ترجیحی بنیاد پر ویکسین کا پہلا لاٹ چین کے ساتھ ہی برازیل، انڈونیشیا اور ترکی میں تقسیم کیا جائے گا'۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی پہلے سے ہی ویکسین کی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کے لئے ایک پروڈکشن پلانٹ تیار کررہی ہے۔
انہوں نے ویکسین کے تخمینہ لاگت کی اطلاع دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ اس کی قیمت بہت سے عوامل پر منحصر ہوگی۔ انہوں نے سنوویک ویکسین کے سال کے آخر تک بازار میں آنے کی امید ظاہر کی ہے۔