مرکزی کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت نے منگل کو بتایا کہ 25 مارچ کو ہونے والی اس میٹنگ میں بھارت کی نمائندگی مرکزی کامرس اینڈ انڈسٹری وزیر پیوش گوئل نے کی۔
کورونا وائرس سے نمٹنے پر مرکوز یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کی گئی، میٹنگ میں کورونا وائرس سے پیدا صورت حال سے نمٹنے کے لئے زرعی مصنوعات، طبی سازوسامان اور ادویات کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔ تمام ممالک کے وزرانے کورونا وائرس کی وبا کے دوران اور اس کے بعد معیشت کی مضبوطی کو برقرار رکھنے کے عزائم کا اظہار کیا۔
میٹنگ کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس انسانیت کے لئے ایک بڑا بحران ہے اس کا سامنا کرنے کے لئے تمام ممالک کو متحد ہو جانا چاہئے۔ میٹنگ میں وبا سے نمٹنے کی تیاریوں اور اقدامات میں تال میل اور ہم آہنگی پر زور دیا گیا۔
وزرا نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کے لئے ہر مرحلہ پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے، تمام ممالک کے درمیان ضروری زرعی مصنوعات، اشیائے ضروریہ، ا دویات اور طبی سامان کی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حالات کو دیکھتے ہوئے ضروری انتظامات کئے جا رہے ہیں اور ان کے لئے موزوں فیصلے لئے جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق جی -20 ممالک کے تمام وزرا نے ضروری ادویات اور طبی آلات کی دستیابی سستی قیمت برقرار رکھنے کی بات پر اتفاق کیا۔ انہوں نے منافع اور ذخیرہ اندوزی روکنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت کے مطابق تمام ممالک کے شہریوں کے لئے اس کی مصنوعات فراہم کی جائیں گی۔
افریقی ممالک اور دوسرے چھوٹے ملکوں کا ذکر کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے کاروباری اور متعلقہ صنعت کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ ان کو ترجیحات کی بنیاد پر مالی مدد اور دیگر تعاون دیا جائے گا۔ عالمی تجارتی تنظیم کی نوٹیفکیشن میں شفافیت بڑھانے کی بات کہی گئی ہے۔ تمام ممالک غیر ضروری تجارتی رکاوٹوں سے بچیں گے اور تحفظاتی طریق کار نہیں اپنائیں گے۔ عالمی تجارتی تنظیم عالمی پیمانہ پر سپلائی برقرار رکھنے کے تمام اقدامات کرے گی۔
وزرانے کورونا وائرس سے نمٹنے کے موثر اقدامات کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوشش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور تعصب سے پاک تجارتی سسٹم برقرار رہنا چاہئے۔ وبا سے نمٹنے کے لئے اشیا کی رکاوٹ سے پاک ٹریفک کے ساتھ ساتھ انسانی وسائل مثلا ڈاکٹر، طبی اہلکار اور ماہرین کو بھی ترجیح ملنی چاہئے۔
وزرانے کورونا وائرس کے اثرات کا گہرائی سے تجزیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کو اس سلسلہ میں غیر جانبداری برقرار رکھنی چاہئے ۔وزرا نے اس موقع پر ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔