چین کے 'سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن' سے وابستہ سینئر ڈاکٹر وو زنیو نے کہا کہ بدھ کے روز تک ملک میں کورونا کی وبا سب سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے چین کی سرکاری میڈیا سی سی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ بھی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ان کے علامات کی شروعات آئندہ کل یا پرسوں سے ہو جائے گی۔ لہذا اگر کل یا پرسوں تک نئے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ نہیں ہوا تو انفکشن کی حالیہ تعداد ہی برقرار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بیجنگ نے اسپتال میں مریضوں اور طبی اہلکاروں کے درمیان انفیکشن یا بڑے پیمانے پر ٹرانسمشن نہیں دیکھا ہے، بلکہ ابتدائی پھیلاؤ مارکیٹ میں کام کرنے والوں کے مابین ہوا ہے۔
میونسپل ہیلتھ کمیشن کی پریس کانفرنس کے مطابق ، 16 جون کو صبح 6 بجے تک، بیجنگ انتظامیہ نے 276 آؤٹ ڈور کسانوں کی منڈیوں کو سینیٹائز کیا، 11 زیر زمین بازار بند کردیئے۔ اس کے ساتھ ہی پورے شہر میں 33،173 ریستوران کو سینیٹائز کیا گیا۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ شہر کے سبھی ریستوراں اور خدمات معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔