کرغستان میں کورونا کے زائد معاملات ہونے پر وہاں کے حکام نے ان طلبا کو ہدایت دی کہ وہ اپنے ملک واپس ہوجائیں۔ موجودہ طورپر وندے بھارت مشن کے تحت طیاروں کی سہولت نہ ہونے پر تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے فون کرتے ہوئے ایک پرائیویٹ تیلگو نیوز چینل کو یہ اطلاع دی۔ ان طلبا نے فی کس 45000 روپئے ایجنٹ کو ٹکٹس کی بکنگ کے لئے فراہم کئے۔
ان طلبا میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 170 طلبا ایک اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے 65 طلبا شامل ہیں۔ کل 10 بجے دن میں ان کی بھارت واپسی کے لئے طیارہ دستیاب ہونے کی بات کہی گئی تھی جس کے بعد یہ تمام طلبا ائیرپورٹ پہنچے۔
تاہم ایجنٹ نے ان کو بتایا کہ کرغستان میں بھارتی سفارت خانہ کے عہدیداروں کی جانب سے اجازت نہ مل پانے کے نتیجہ میں طیارہ کی روانگی منسوخ کر دی گئی ہے۔ ان طلبا کو 12 گھنٹے تک ائیرپورٹ پر ہی انتظار کرنا پڑا جس پر ان طلبا نے احتجاج کرتے ہوئے ان کو بھارت واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ ان طلبا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پینے کا صاف پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا۔