پاکستان کے محکمہ ہوابازی کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ طیاروں کی آمد و رفت پر لگی روک 15 مئی 2020 کی نیم شب تک جاری رہے گی۔ اس سے پہلے حکومت نے طیاروں کی آمد و رفت پر 21 اپریل تک روک لگائی تھی۔ پاکستان کے روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں کووڈ-19 قومی کوآرڈینیشن کمیٹی کی میٹنگ میں لیا گیا۔
پاکستان میں اتوار کی صبح تک کوویڈ -19 کے 12657 معاملے درج کئے گئے ہیں اور اس وبا سے اب تک 265 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 28 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہیں۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں تقریبا دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد میں سے آٹھ لاکھ سے زائد افراد ٹھیک ہو چکے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس سے 26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں، جبکہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 824 ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد میں سے تقریبا 5804 افراد ٹھیک ہو چکے ہیں۔