واشنگٹن ڈی سی میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل کے محاصرے کے بعد عمارت کو محفوظ بنا دیا گیا ہے جبکہ گولی لگنے سے ایک خاتون سمیت تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہنگامہ آرائی کرنے والے 52 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر صدارتی انتخاب 'چوری' کیے جانے کا الزام دہراتے ہوئے اپنے حامی مظاہرین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔ وائٹ ہائوس کی پریس سیکریٹری کے مطابق صدر ٹرمپ کی درخواست پر نیشنل گارڈز کو طلب کیا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر صدارتی انتخاب ’چوری‘ کیے جانے کا الزام دہراتے ہوئے اپنے حامی مظاہرین سے گھروں کو لوٹنے کی اپیل کی۔
اس دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے بعد فیس بک اور انسٹا گرام نے بھی 12 گھنٹے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کے پوسٹ کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ ٹویٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مستقبل میں اگر صدر ٹرمپ سماجی رابطے کے ویب سائٹ کے اصولوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں تو ان کے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بند کیا جا سکتا ہے۔
نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کیپیٹل ہل کا محاصرہ ختم کروانے کے لیے صدر ٹرمپ سے ٹی وی پر خطاب کرنے کو کہا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب صدر مائیک پنس کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے کیپیٹل ہل کی عمارت کو خالی کرالیا ہے۔
ان پرتشدد واقعات کی وجہ سے کانگریس کا وہ مشترکہ اجلاس روک دیا گیا جس کا مقصد جو بائیڈن کی الیکٹورل کالج میں فتح کی باقاعدہ توثیق کرنا تھا۔
بعض ریپبلکن رہنما کچھ ریاستوں میں انتخابی نتائج کو تبدیل کروانا چاہتے ہیں لیکن انھیں اس کے لیے درکار حمایت حاصل نہیں ہے۔ کانگریس کے اس مشترکہ اجلاس کی صدارت نائب صدر مائیک پینس کر رہے تھے۔ انہوں نے اس سے پہلے صدرٹرمپ کی اس درخواست کو رد کر دیا تھا کہ وہ جو بائیڈن کی بطور صدر سرٹیفیکیشن کو بلاک کر دیں۔ بعد ازاں مائیک پینس نے بھی ٹویٹر پر مظاہرین کے نام پیغام میں انھیں کیپیٹل ہل سے نکل جانے اور ہنگامہ آرائی بند کرنے کو کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے کیپیٹل ہل پر حملے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو لوگ اس میں ملوث ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی'۔
ریاست جورجیا میں سینیٹ کی دو نشستوں کے متوقع نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جس سے جماعت کو سینیٹ پر کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔
تشدد کے واقعات کے دوران گولی لگنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی ہے۔ ٹرمپ کے پرتشدد حامیوں کے مظاہرے کے دوران امریکی کیپیٹل ہل کے اندر گولی لگنے سے اس خاتون کی موت ہوئی ہے۔
عالمی رہنماوں نے کیپیٹل ہل کے محاصرہ کی سخت مذمت کی اور اسے جمہوریت پر حملے کی کوشش قرار دیا۔
کیپیٹل ہل کے اندر موجود قانون سازوں اور صحافیوں کا کہنا ہے کہ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ عمارت سے نکل جائیں یا محفوظ مقامات کا انتخاب کریں اور گیس ماسک پہن لیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بہت زیادہ مظاہرین کے عمارت کے اندر داخل ہونے کے بعد وہاں آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا۔ واشنگٹن ڈی سی کے مئیر مورئیل بائوزر نے شہر میں کرفیو کے نفاذ کا حکم دیا ہے۔