گذشتہ چند روز سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ہسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں تھے۔ پیر کے روز ہی اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ انہیں ڈسچارج کیا جا سکتا ہے۔
آخر کار ٹرمپ نے خود ہی ڈسچارج ہونے کی جانکاری دے دی۔ وہ اسپتال چھوڑ رہے ہیں جہاں کورونا کی علامات کے سبب تین دنوں سے ان کا علاج جاری تھا۔ اب وہ وہائٹ ہاؤس میں اپنی صحتیابی کو جاری رکھیں گے۔
ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ 'میں آج شام ساڑھے 6 بجے والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر چھوڑوں گا۔ واقعی میں بہت اچھا لگ رہا ہے۔ کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں۔ میں 20 برس پہلے کی نسبت بہتر محسوس کر رہا ہوں'۔
امید کی جارہی ہے کہ وہ صدارتی ہیلی کاپٹر میرین ون پر سوار ہوکر سفر کریں گے۔
ٹرمپ کی ہسپتال سے واپسی ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب وہائٹ ہاؤس کمپلیکس میں کورونا وائرس کے پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پیر کی صبح پریس سکریٹری کیلیگ میکینی کورونا سے متاثر پائی گئی ہیں۔