امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ تین نومبر کوہونےوالے صدارتی عہدے کا انتخابات ہار جاتے ہیں تو شائستگی کے ساتھ اقتدار کو منتقل کردیں گے۔ ٹرمپ نے ایک روز قبل اس سے برعکس بیان دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ انتخابات میں شکست کی صورت میں اقتدار کا منتقل کرنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے پوسٹل ووٹنگ میں گڑبڑی کے شبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاملہ عدالت میں بھی جاسکتا ہے۔
ٹرمپ نے ورجینیا کے نیوپورٹ نیوز میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران جمعہ کو کہا کہ ان کی شکست ووٹنگ عمل میں گڑبڑی کی وجہ ہی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوبائیڈن کے انتخابات میں جیت جانے پر وہ انہیں آسانی سے اقتدار حوالے کرنےکے حق میں ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 'ہم بہت دوستانہ طریقے سے اقتدار کو حوالے کرنا چاہتے ہیں۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ کسی طرح کی دھوکہ دہی نہیں ہو'۔