ڈونالڈ ٹرمپ ایچ ون بی‘ ایچ ٹو بی‘ ایل ون اور جے ون ویزؤں پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں اور عنقریب اس سلسلہ میں اعلان کی توقع کی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے ملک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور امریکی انتظامیہ کے سامنے بیروزگاری سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔
ایچ ون ویزا کو سائنس‘ انجینئرنگ‘ اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں کچھ ہنرمند ورکرس کے لیے مختص ہے جبکہ ایچ ٹو بی ویزاؤں موسمی ورکرس جیسے ہوٹل اور کنسٹرکشن عملے کو دئے جائیں گے۔ ایل ون ویزا بڑے کارپوریشنز میں کام کرنے والے ایکزیکٹیوز کو جاری کئے جائیں گے اور جے ون ویزا ریسرچ اسکالرز، پروفیسروں اور کلچرل ورکز کو جاری کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ اپریل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث امریکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے پیش نظر امریکہ کی امیگریشن پر عارضی پابندی کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹرمپ نے پناہ گزینوں کے داخلے پر 60 دن کے لیے پابندی لگادی تھی۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی معیشت میں ملازمتوں کی مسابقت کو محدود کرنے کے لیے گرین کارڈ کی اجرائی کو 60 روز کے لیے روک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امیگریشن روک دینے سے ملکی معیشت بحال ہونے پر بے روزگار امریکیوں کو پہلے موقع ملے گا۔