امریکہ میں مقیم تین ماہرین اقتصادیات نے پیر کے روز 2021 کا نوبل انعام (Nobel in Economics) جیتا ہے، ان تینوں کو یہ انعام غیر ارادی تجربات یا دوسرے الفاظ میں قدرتی تجربات سے نتائج اخذ کرنے کے کام کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
برکلے میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے پروفیسر ڈیوڈ کارڈ کو انعام کا ایک نصف حصہ دیا گیا ہے جبکہ دوسرے نصف کو ماساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے جو شوا اینگرسٹ اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے گائیڈو امبینس میں مشترکہ طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔
رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے کہا کہ تینوں نے "معاشی علوم میں تجرباتی کام کو مکمل طور پر نئی شکل دی ہے۔"
دوسرے نوبل انعامات کے برعکس اکنامکس ایوارڈ الفریڈ نوبل کی مرضی سے قائم نہیں کیا گیا تھا بلکہ سویڈش مرکزی بینک نے 1968 میں ان کی یاد میں قائم کیا تھا، جس کا پہلا فاتح ایک سال بعد منتخب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امن کا نوبل انعام 2021 فلپائن کی صحافی ماریہ ریسا اور روس کے دمتری مراتوف کو مشترکہ طور پر ان کے اظہار رائے کی آزادی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ادب کے میدان میں قابل ذکر کام کرنے کے اعتراف میں نوبل انعام 2021 (Nobel in Literature) تنزانیہ کے عبدالرزاق گورنہ کو دیا گیا ہے۔
سویڈش اکیڈمی نے تنزانیہ کے ناول نگار عبدالرزاق گورنہ کو نوآبادیات کے تہذیبوں پر اثرات اور پناہ گزینوں کے ساتھ مختلف براعظموں میں پیش آنے والے مصائب کو انتہائی آسان الفاظ میں بیان کرنے کی وجہ سے ادب میں نوبل ایوارڈ (Nobel in Literature) کے لیے منتخب کیا تھا۔
- فزیولوجی اور میڈیسن کے شعبے میں نوبل انعام 2021 کے ناموں کا اعلان
- Nobel in Chemistry: مشترکہ طور پر جرمن اور اسکاٹش سائنسدانوں کے نام
- نوبیل پرائز کا اعلان، منابے، ہیسل مین اور پیرسی کو ملا ایوارڈ
- Nobel in Literature: ادب کا نوبل انعام 2021 عبدالرزاق گورنہ کے نام
- Nobel in Literature: ادب کا نوبل انعام 2021 عبدالرزاق گورنہ کے نام
کیمسٹری کا نوبل 2021 (Nobel in Chemistry) دو سائنسدانوں بینجامن لسٹ اور ڈیوڈ میک میلن کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔
دونوں کو یہ ایوارڈ غیر متناسب آرگنکوٹالیسس کی ترقی (development of asymmetric organocatalysis)کے لیے دیا گیا ہے
جبکہ طبیعیات کا نوبل ایوارڈ 2021 جاپان ، جرمنی اور اٹلی کے تین سائنسدانوں سیوکورو مانابے، کلاؤس ہیسل مین اور جیورجیو پیریسی کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ طب کا نوبل انعام 2021 سویڈش اکیڈمی آف نوبل نے سان فرانسسکو کی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ڈاکٹر پروفیسر ڈیوس جولیس اور کیلی فورنیا کے اسکرپ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر آرڈم پٹاپوٹین کو دیا گیا۔
یہ ایوارڈ درجہ حرارت اور لمس کے لیے رسیپٹرز کی دریافت کے لیے انہیں دیا گیا۔