امریکی انتخابات 2020 کے ضمن میں مینیسوٹا میں منعقدہ ٹرمپ کی جانب سے انتخابی ریلی کے دوران نو افراد کو کورونا مثبت ہوا ہے، جو ٹرمپ کی پارٹی ری پبلکن کے حامی بتائے جا رہے ہیں۔
ریاست کے متعدی بیماریوں کے ڈائریکٹر کرس ایہرسمن نے بتایا ہے کہ '18 ستمبر کو مینیسوٹا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں شریک نو افراد کووڈ - 19 سے متاثر ہوئے ہیں، جن کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔
ایہرسمن نے مزید بتایا کہ 'کورونا سے متاثرہ نو لوگوں نے ریلی میں شرکت کی تھی۔ ان میں سے دو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہیں اور باقی کو قرنطینہ میں بھیجا گیا ہے'۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی جب ٹرمپ نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ وہ فلوریڈا کے سان فورڈ میں انتخابی مہم کے لیے ریلی نکالیں گے جس کے بعد مقامی لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ 'پیر کو ایک بہت بڑی ریلی کے لئے سن فورڈ، فلوریڈا میں آؤں گا'۔
- مزید پڑھیں: امریکی انتخابات 2020: دوسرا صدارتی مباحثہ منسوخ
یہ اعلان وہائٹ ہاؤس کے معالج ڈاکٹر شان کونلی کے احتیاط کے باوجود سامنے آیا ہے، جنہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ مکمل طور پر ابھی صحت یاب نہیں ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو کورونا وائرس (کووڈ۔19) مثبت ہوا تھا۔