گذشتہ دنوں امریکی پولیس کے ذریعہ قتل کیے گیے سیاہ فام شخص کے انصاف کے لیے پورے امریکہ میں ہنگامہ بپا ہے۔
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں لوگوں کے احتجاج کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ 46 سالہ جارج فلائیڈ کی موت کے چوتھے روز بھی ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع وہائٹ ہاوس تک پہنچ کر احتجاج کیا۔
اس دوران مظاہرین نعرہ لگا رہے تھے کہ 'انصاف نہیں تو امن نہیں' اس کے علاوہ کچھ لوگ 'میں سانس نہیں لے سکتا' کا نعرہ بھی لگا رہے تھے۔
گھنٹوں تک مظاہرین قتل کے ملزم پولیس اہلکار ڈیریک چاوون کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ 27 مئی کو امریکی پولیس اہلکار نے ایک 46 سالہ سیاہ فام امریکی شخص کو امریکی ریاست مینی سوٹا میں سر عام گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔
پولیس اہلکار نے جارج گلائیڈ نامی شخص کے گلے پر 8 منٹ 46 سکنڈ تک اپنا گھٹنا رکھا ہوا تھا۔ اس دوران ویڈیو میں گلائیڈ کے منہ سے 'میں سانس نہیں لے سکتا' کا جملہ بھی سنا گیا۔
فی الحال ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔