جلد ہی سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت کار کے آخری دنوں میں ان کے خلاف تحریک مواخذہ پیش کی گئی ہے۔
ڈیموکریٹس نے ایک ایسا آرٹیکل پیش کیا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر گزشتہ ہفتے کیپٹل میں ہونے والے پرتشدد مظاہرے میں لوگوں کو بغاوت پر اکسانے کا الزام لگایا ہے۔
مواخذہ کا آرٹیکل ایوان نمائندگان میں اس وقت متعارف کرایا گیا جب ایک ریپبلکن رکن کی جانب سے نائب صدر مائیک پینس سے 25 ویں ترمیم نافذ کرنے اور ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد پر اعتراض کیا۔
اس کے بعد ایوان کو ملتوی کردیا گیا اور اب آج قرارداد پر رائے شماری کی جائے گی۔
اجلاس سے پہلے ہاؤس اسپیکر نینسی پیلوسی نے قرارداد کی ایک کاپی جاری کی۔
ٹرمپ پر گذشتہ بدھ کے روز فسادات اور بغاوت پسندوں کو دارالحکومت میں مارچ' اور تشدد کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کا الزام لگایا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر جارجیا میں ووٹوں کی گنتی اور اسناد کے عمل میں مداخلت کرنے کی کوششوں کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
اگر اس قرارداد پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو ڈیموکریٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک بار پھر مواخذہ کرنے کا عزم کیا۔