اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گتریز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پر تجربہ جاری ہے اور کامیابی کی صورت میں ویکسین کو عالمی سطح پر عوامی املاک سمجھا جائے گا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں لکھا کہ اس کورونا ویکسین کو کسی ایک ملک یا کسی ایک خطے کی ملکیت تصور نہ کیا جائے۔ یہ ویکسین قابل دسترس، محفوظ اور موثر ہو۔ اسے دنیا کے ہر ایک شخص تک پہنچایا جائے اور ہر جگہ تک اس کی رسائی ہو۔
انہوں نے یہ بات انسانوں پر ہونے والے کورونا ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے پس منظر میں کہی، جو امریکہ اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک میں شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرونا سے پاک دنیا کو عالمی تاریخ میں صحت کی سب سے بڑی کوشش کی ضرورت ہے۔ ڈیٹا کو شیئر کرنا ہوگا اور سیاست سے قطع نظر وسائل کو متحرک کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم متحد ہیں اور ہم ایک ساتھ مل کر اس پریشانی سے مضبوطی سے باہر نکلیں گے'۔
انٹونیو گتریز نے متعدد ممالک کے رہنماوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات کرتے ہوئے اس طرح کی باتیں کی۔