شمالی افریقی ملک تیونسیا کے دارالحکومت تیونس میں کم از کم 15 شہروں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ پولیس اور مظاہرین کے مابین مسلسل تیسرے دن بھی جھڑپ کی اطلاعات ہیں۔ یہ مظاہرے ملک کو درپیش معاشی بحران کے خلاف کیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس سے جھڑپوں اور پُرتشدد مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں 240 سے زیادہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان میں زیادہ تر کی عمریں 20 برس سے کم ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، گرفتار شدہ لڑکوں اور کم سن بچوں نے لوگوں کی املاک میں توڑ پھوڑ کی ہے اور دکانوں اور بینکوں کو لوٹنے کی کوشش کی ہے۔
تیونس میں غُربت، بدعنوانی اور بے انصافی عروج پر ہے۔ اس مسلم ملک کی قومی معیشت بہت زیادہ خراب ہوگئی ہے۔
مظاہرین نے اس تازہ احتجاج کے دوران میں ابھی تک کوئی واضح مطالبات پیش نہیں کیے ہیں۔ تیونس حکام کا کہنا ہے کہ یہ بلوائی ہیں اور ملک کے کم از کم 10 شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی بی 52 بمبار طیاروں کی مشرق وسطیٰ میں پرواز، ایران کی ناراضگی
تیونس کے وسطی دیہی اور جنوبی علاقے ایک مرتبہ پھر احتجاجی مظاہروں اور جھڑپ کی زد میں ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ساحلی شہر سوسہ کے علاوہ وسطی شہروں سبیتلا اور قنسرین میں بھی لوگوں نے ابتر معاشی حالات کے خلاف مظاہرے ہیں۔ پولیس نے ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گیس کے گولے پھینکے ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دی ہیں۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس، کاروباری اداروں پر پتھر اور دیگر سامان پھینکی گئی ہیں۔
سیدی بوزید گورنری میں واقع قصبے جیلمہ میں پولیس نے سڑکیں بلاک کرنے والے نوجوانوں کو منتشر کر دیا ہے۔اس قصبے میں نوجوان غُربت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ راس جبل، قصر حلیل اور بیجا میں بھی احتجاجی جلوس نکالے گئے ہیں۔
وزارت دفاع کے ترجمان محمد زکری نے ایک مقامی ریڈیو کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ حکام نے نجی اور سرکاری املاک کے تحفظ کے لیے فوج کو کچھ علاقوں میں تعینات کر دیا ہے۔