اداکار رام چرن، جو کہ اکیڈمی ایوارڈز 2023 سے قبل آر آر آر کی تشہیر میں مصروف ہیں، نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اگر ان کی فلم آر آر آر کا گانا ناٹو ناٹو آسکر جیت جاتا ہے تو ان کا ردعمل کیسا ہوگا۔ انہوں نے اس کے جواب میں کہا کہ انہیں اس پر یقین نہیں ہوگا اور یہ پورے بھارت کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ Ram Charan on Oscar
ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم آر آر آر کا گانا ناٹو ناٹو بہترین اوریجنل گانے کے زمرے میں آسکر کی دوڑ میں شامل ہوا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ناٹو ناٹو کو بہت پیار مل رہا ہے۔ مغربی شائقین کی جانب سے متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہیں جس میں وہ تھیٹر میں اس گانے پر رقص کرتے نظر آرہے ہیں۔
اے بی سی نیوز لائیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رام چرن نے آر آر آر کی مقبولیت کے بارے میں بتایا اور کس طرح نغمہ ناٹو ناٹو ایک مقبول عالمی ٹریک بن گیا ہے۔ جب رام چرن سے انٹرویو میں پوچھا گیا کہ اگر ناٹو ناٹو کو آسکر ایوارڈ ملتا ہے تو ان کا ردعمل کیسا ہوگا، جس کے جواب میں رام چرن نے کہا کہ 'مجھے نہیں لگتا کہ میں اس پر یقین کروں گا۔ وہ مجھے اٹھائیں گے اور کہیں گے جاؤ اور یہ ایوارڈ لے کر آؤ، مجھے اسٹیج کی جانب دکھیلیں گے۔ میں سب سے زیادہ خوش ہوجاؤں گا۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ صرف ہماری کامیابی ہوگی، یہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کی کامیابی ہوگی۔ ہم میں سے کوئی بھی اس کا کریڈٹ نہیں لے سکتا'۔
عالمی سطح پر پورے ملک کی نمائندگی کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک بہترین جگہ ہے جس میں ہم سب ابھی موجود ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک کامیابی سے زیادہ ذمہ داری ہے۔ میں صرف یہ نہیں چاہتا کہ یہ صرف ایک بار والی چیز ہو۔ یہ ہمارا ایک مستقل عمل ہے جہاں ہم کچھ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور بار بار آسکر یا گولڈن گلوبز میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
سینما گھروں میں گزشتہ مارچ ریلیز ہوئی آر آر آر بھارت کی آزادی کے دور میں گھڑی گئی ایک کہانی ہے اور یہ دو انقلابی الوری سیتا راما راجو اور کومارم بھیم کی زندگیوں پر مبنی ہے۔ جس میں رام چرن نے رام کا کردار ادا کیا ہے اور جونیئر این ٹی آر نے بھیم کا کردار ادا کیا ہے۔ اس فلم نے کروڑوں روپے سے زائد کی کمائی کی۔ فلم نے اب تک 1150 کروڑ روپے کی کمائی ہے۔ وہیں فلم آسکر 2023 سے پہلے 3 مارچ کو بڑے پیمانے پر امریکہ میں دوبارہ ریلیز ہونے والی ہے۔