حال ہی میں بگ باس او ٹی ٹی میں نظر آنے والی عالیہ صدیقی نے اپنے شوہر و اداکار نوازالدین صدیقی کی تعریف کی ہے۔ ای ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عالیہ نے نواز کو اپنا بہت سہارا قرار دیا ہے۔ عالیہ ان دنوں بطور ہدایتکار ایک پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں۔Aaliya Siddiqui on Nawazuddin
عالیہ صدیقی گزشتہ چند ہفتوں سے ایک مختصر فلم پر کام کر رہی ہیں۔ عالیہ نے ای ٹائمز کو بتایا کہ ' یہ میرا ڈریم پروجیکٹ ہے، یہ میری زندگی، میرے بچپن کے سفر پر مبنی کہانی ہے۔میں نے اسے بہت پہلے لکھا تھا لیکن اسے بنانے کا موقع نہیں ملا۔ اب جبکہ میں اس کی شوٹنگ کر رہی ہوں، میں اسے سنڈینس فلم فیسٹیول کے لیے بھیجنا چاہتی ہوں اور اسے ایک اچھے او ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کرنا چاہتی ہوں'۔
جب عالیہ سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے شوہر نوازالدین صدیقی کی طرف سے کس طرح کی حمایت حاصل کر رہی ہیں تو عالیہ نے کہا کہ 'میں ابھی تک بچوں سے نہیں ملی ہوں، ایک مہینہ ہو گیا ہے۔ نواز بچوں کے ساتھ ہر جگہ گھوم رہے ہیں، فی الحال وہ حیدرآباد میں ہیں کیونکہ وہ وہاں شوٹنگ کر رہے ہیں۔ بچے اپنے والد سے بہت خوش ہیں اور مجھے نواز کی طرف سے سب سے بڑا سہارا یہ ہے کہ وہ بچوں کے قریب ہوگئے ہیں۔ وہ ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ نواز انہیں بہت وقت دے رہے ہیں اور انہوں نے بچوں کے تئیں اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے۔ اس سے بڑا کوئی سہارا نہیں ہو سکتا۔ مجھے ان پر بہت فخر ہے'۔۔
واضح رہے کہ اس سال کے شروع میں عالیہ صدیقی نے نوازالدین پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ دونوں گزشتہ چند ماہ سے ازادواجی زندگی کے جھگڑے میں الجھے ہوئے تھے جسے بعد میں دونوں نے باہمی سمجھداری سے حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کے دو بچے ہیں بیٹی شورہ (12) اور بیٹا یانی (7)۔ عالیہ نے اداکار پر اپنے بچوں کو چھوڑنے کا الزام لگایا تھا۔ دوسری جانب نوازالدین کا کہنا تھا کہ عالیہ ان کے علم میں لائے بغیر بچوں کو دبئی سے بھارت لے گئی تھیں۔نوازالدین کی والدہ نے بھی عالیہ کے خلاف جائیداد کے تنازع پر شکایت درج کرائی تھی۔